بھٹکل،7/اپریل (ایس او نیوز) کورونا لاک ڈاؤن کے دوران ویسے تو پورے شہر میں خاموشی چھائی ہوئی ہے، لوگوں کو مزید گھروں سے باہر نکلنے سے روکنے ڈرون کی مدد سے بھی شہر کی نگرانی رکھی جارہی ہے اس کے باوجود جو ایکا دوکا سواریاں راستوں پر سے گذرتی ہوئی پائی جاتی ہے تو ان پر بھی یا تو پولس کی طرف سے لاٹھیاں برسائی جاتی ہیں یا پھر گاڑیوں کو ہی ضبط کیا جارہاہے۔
اس تعلق سے مزید سختی برتتے ہوئے بھٹکل کے اسسٹنٹ کمشنر بھرت نے پیر کو خود ہی اپنے دفتر سے باہر نکلتے ہوئے سڑکو ں پر دوڑ رہی دو پہیہ گاڑیوں کو ضبط کرنے کی کارروائی انجام دی۔
اسسٹنٹ کمشنر بھرت کے علاوہ ڈی وائی ایس گوتم اور دیگر افسران و عملہ نے شمس الدین سرکل سمیت شہر کے اہم علاقوں کا معائنہ کیا اوراس دوران سڑکوں پر نظر آنے والی 16دو پہیہ گاڑیوں کو ضبط کرلیا۔ساتھ ہی لاک ڈاؤن کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے کے الزام میں ان موٹر گاڑیوں پر سوار افراد کے خلاف پولیس نے کیس بھی دائر کر لیااور گاڑی کے مالکان کو نوٹس بھی جاری کیاگیاجس میں کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن کی مدت ختم ہونے کے بعد یعنی 15اپریل کو گاڑیاں واپس دی جائیں گی۔گاڑیاں واپس حاصل کرنے کے لئے متعلقہ مالکان کو عدالت سے رجوع ہونا پڑے گا اور وہاں سے اجازت ملنے پر ہی گاڑی واپس کی جائے گی۔